حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ راجستھان کے شہر اُدے پور میں ایک درزی کے قتل کی مزمت کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے سرکار سے قاتلوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔
مولانانے کہاکہ جس طرح کچھ شرپسند عناصر نے دوکان میں جاکر ایک انسان کا بہیمانہ قتل کیاہے وہ انتہائی ظالمانہ اور قابل مذمت عمل ہے ۔سرکار کو چاہیے کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کاروائی کرے جنہوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیاہے۔مولانا نے کہاکہ اسلام قطعی ایسے عمل کی اجازت نہیں دیتا،ہم ان کے اس ظالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔
مولانا نے کہاکہ قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی ہونی چاہیے البتہ ایسے شرپسندعناصر کے خلاف بھی سرکار سخت قدم اٹھائے جن کے اشتعال انگیز بیانات کی بنیاد پرملک ایسی صورتحال سے دوچار ہوتاہے ۔اگر شرپسندوں اور اشتعال انگیز بیانات دینے والوں کے خلاف بروقت کاروائی کی گئی ہوتی تو آج نوبت یہاں تک نہیں پہونچتی ۔اس کے باوجود اسلام بالکل ایسے ظالمانہ اقدام کی اجازت نہیں دیتا ۔راجستھان میں جو ناخوشگوار واقعہ رونما ہواہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔
مولانا نے تمام اہل وطن سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ہندواور مسلمان دونوں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے میں ایک دوسرے کا تعاون کریں ۔شرپسند عناصر وطن عزیز کو عالمی سطح پر بدنام کرنا چاہتے ہیں ،اس لئے موجودہ صورتحال میں امن و امان برقرار رکھنا ہر ہندوستانی شہری کی اولین ذمہ داری ہے ۔